فیصل آباد میں 20 کلو میٹر طویل اورنج لائن کوریڈور،کی منظوری
فیصل آباد اورنج لائن:
پنجاب حکومت نے فیصل آباد کے شہریوں کے لیے جدید اور معیاری سفری سہولیات فراہم کرنے کے مقصد سے اورنج لائن میٹرو ٹرانسپورٹ منصوبے کو عملی شکل دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت فیصل آباد میں 20 کلو میٹر طویل اورنج لائن کوریڈور پر 27 میٹرو بسیں اور دو جدید ٹرامیں چلائی جائیں گی، جو شہر کے اہم علاقوں کو آپس میں جوڑیں گی۔
حکام کے مطابق یہ جدید ٹرانسپورٹ کوریڈور جڑانوالہ روڈ سے جھنگ روڈ تک پھیلا ہوگا، جس سے روزانہ ہزاروں شہریوں کو تیز، محفوظ اور آرام دہ سفری سہولت میسر آئے گی۔ منصوبے کا افتتاح وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے متوقع ہے، جو صوبے میں پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام کو عالمی معیار پر لانے کے وژن پر عمل پیرا ہیں۔
اورنج لائن منصوبے کے تحت مجموعی طور پر 22 جدید اسٹیشنز تعمیر کیے جائیں گے، جہاں مسافروں کو شیڈز، ٹکٹنگ سسٹم، سیکیورٹی اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ دو ڈپو بھی قائم کیے جائیں گے، جہاں بسوں اور ٹراموں کی پارکنگ، مرمت اور دیکھ بھال کا انتظام ہوگا۔ ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے لیے مختلف مقامات پر یو ٹرنز بھی تعمیر کیے جائیں گے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس منصوبے کی تعمیر کے آغاز سے قبل تمام متعلقہ یوٹیلیٹی ڈیپارٹمنٹس کو ہدایت جاری کر دی گئی ہے کہ وہ اپنی سروسز، جن میں گیس، پانی، بجلی اور ٹیلی کمیونیکیشن شامل ہیں، بروقت منتقل کریں تاکہ تعمیراتی عمل میں کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہ ہو۔
ماہرین کے مطابق فیصل آباد جیسے بڑے صنعتی شہر میں ٹریفک کا دباؤ دن بدن بڑھ رہا ہے، جس کے باعث شہریوں کو روزمرہ سفر میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اورنج لائن منصوبہ ان مسائل کے حل کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے، جو نہ صرف سفر کے دورانیے کو کم کرے گا بلکہ ایندھن کے ضیاع اور ماحولیاتی آلودگی میں بھی کمی کا باعث بنے گا۔
شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ میٹرو بس اور ٹرام سروس کے آغاز سے طلبہ، مزدور طبقے، خواتین اور بزرگ شہریوں کو خاص طور پر فائدہ ہوگا۔ جدید اور محفوظ پبلک ٹرانسپورٹ شہریوں کو نجی گاڑیوں کے استعمال سے دور کرے گی، جس سے ٹریفک کا دباؤ کم ہوگا۔
صوبائی حکومت کے مطابق اورنج لائن منصوبہ پنجاب میں شہری نقل و حرکت کے نظام کو جدید بنانے کی جامع پالیسی کا حصہ ہے۔ اس سے قبل لاہور، ملتان اور دیگر شہروں میں میٹرو اور بس منصوبے کامیابی سے چل رہے ہیں، جبکہ اب فیصل آباد میں بھی اسی طرز پر جدید سفری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
سیاسی اور معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسے منصوبے نہ صرف شہری سہولتوں میں اضافہ کرتے ہیں بلکہ روزگار کے مواقع بھی پیدا کرتے ہیں۔ تعمیراتی مرحلے سے لے کر آپریشن تک ہزاروں افراد کو روزگار میسر آئے گا، جو مقامی معیشت کے لیے خوش آئند ہے۔
گوجرانوالہ میں 62.7 ارب روپے کی ییلو لائن کا آغاز — روزانہ 51 ہزار مسافروں کو سہولت
