مری اور گلیات میں 17 سے 22 جنوری تک برفباری کا امکان، محکمہ موسمیات کی وارننگ جاری

0

مری اور گلیات میں شدید برفباری کا امکان

مری اور گلیات میں برفباری

محکمہ موسمیات پاکستان (PMD) نے پیش گوئی کی ہے کہ مری اور گلیات کے قریبی پہاڑی علاقوں میں 17 جنوری سے 22 جنوری کے دوران وقفے وقفے سے برفباری کا امکان ہے۔ اس دوران شدید سردی کی لہر برقرار رہے گی جبکہ درجہ حرارت میں نمایاں کمی متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق برفباری سے قبل مری اور گلیات میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 3 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر سکتا ہے، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 10 سے 15 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔ برفباری کے آغاز کے بعد سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔

حکام نے شہریوں اور سیاحوں کو خبردار کیا ہے کہ اس دوران سفر میں رکاوٹیں، سڑکوں کی بندش اور گاڑیوں کو پھسلن جیسے مسائل کا سامنا ہو سکتا ہے، خاص طور پر رات کے اوقات میں ڈرائیونگ نہایت مشکل ہو سکتی ہے۔ مری، گلیات اور ملحقہ علاقوں میں شدید برفباری کے باعث بعض رابطہ سڑکیں عارضی طور پر بند ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ سیاحوں کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ گاڑیوں کو مکمل طور پر ونٹر ریڈی رکھیں، چینز، اضافی ایندھن اور ہنگامی سامان ساتھ رکھیں اور موسم کی تازہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھیں۔

انتظامیہ نے برفباری کے پیش نظر “مشن سیف ونٹر” کے تحت خصوصی انتظامات شروع کر دیے ہیں۔ اس منصوبے کے تحت اضافی پولیس نفری تعینات، مشینری الرٹ، نمک کا ذخیرہ اور ایمرجنسی ریسپانس ٹیمیں فعال کر دی گئی ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔

محکمہ موسمیات نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سرکاری ہدایات پر عمل کریں اور کسی بھی مشکل صورتحال میں ضلعی انتظامیہ یا ریسکیو اداروں سے فوری رابطہ کریں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *