اورنج لائن میٹرو ٹرین نے 5 سال میں 27 کروڑ مسافروں کا سنگِ میل عبور کر لیا
اورنج لائن میٹرو ٹرین لاہور
پاکستان کی پہلی میٹرو ریل سروس، اورنج لائن میٹرو ٹرین (OLMT) نے اپنے پانچ سالہ مسلسل آپریشن (2020 تا 2025) کے دوران ایک شاندار سنگِ میل عبور کرتے ہوئے 270 ملین (27 کروڑ) سے زائد مسافروں کو سفری سہولت فراہم کر دی ہے۔ یہ بات اورنج لائن میٹرو ٹرین انتظامیہ کی جانب سے 17 جنوری کو جاری کردہ رپورٹ میں سامنے آئی۔
رپورٹ کے مطابق آج اورنج لائن میٹرو ٹرین روزانہ 2 لاکھ 50 ہزار سے زائد مسافروں کو سفری سہولت فراہم کر رہی ہے، جو لاہور کی مصروف اور گنجان سڑکوں پر سفر کا ایک قابلِ اعتماد اور تیز رفتار متبادل بن چکی ہے۔ اس جدید نظام کے باعث شہریوں کے سفر کے اوقات میں نمایاں کمی آئی ہے اور ٹریفک دباؤ کم کرنے میں بھی مدد ملی ہے۔
اورنج لائن میٹرو ٹرین 27 کلومیٹر طویل ٹریک پر مشتمل ہے، جس میں 26 جدید اسٹیشنز شامل ہیں۔ یہ ٹرین سروس لاہور کے اہم رہائشی، تجارتی اور تعلیمی علاقوں کو آپس میں جوڑتی ہے، جو ڈیرہ گجران سے علی ٹاؤن تک پھیلے ہوئے ہیں۔ اس منصوبے کے تحت روزانہ لاکھوں شہریوں کو محفوظ، تیز رفتار اور کم لاگت سفری سہولت میسر آ رہی ہے۔
ماہرین کے مطابق اورنج لائن میٹرو ٹرین نہ صرف شہری ٹرانسپورٹ کے نظام میں ایک انقلابی قدم ہے بلکہ یہ ماحولیاتی آلودگی میں کمی، ایندھن کی بچت اور شہری نقل و حمل کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں بھی اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
