اٹھارویں ترمیم کا ڈرامہ ختم ہونا چاہیے، کراچی کو وفاق کے حوالے کیا جائے: مصطفیٰ کمال

0

ایم کیو ایم رہنما مصطفیٰ کمال پریس کانفرنس کرتے ہوئے

مصطفی کمال کاسانحہ گل پلازہ پر بڑا مطالبہ

وفاقی وزیر اور ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر رہنما مصطفیٰ کمال نے اٹھارویں آئینی ترمیم پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اٹھارویں ترمیم کا ڈرامہ اب ختم ہونا چاہیے کیونکہ اس سے عوام کو کوئی فائدہ نہیں ہوا، بلکہ لوگ مر رہے ہیں اور بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ کراچی کو وفاق کے حوالے کیا جائے کیونکہ موجودہ نظام شہر کو تباہی کی طرف لے جا رہا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ صوبائی سطح پر ناقص حکمرانی کے باعث کراچی مسلسل نظر انداز ہو رہا ہے اور عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں۔

مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ آئین کے آرٹیکل 148 اور 149 کا اختیار ذوالفقار علی بھٹو نے اپنے آئین میں اس لیے رکھا تھا تاکہ وفاق، صوبوں کو آئینی دائرے میں رہنے کا پابند بنا سکے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے حالات میں ان آئینی شقوں پر عمل درآمد ناگزیر ہو چکا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ:

“آپ لوگوں کو پاکستان سے بددل کر رہے ہیں اور بیرونی طاقتوں کو موقع دے رہے ہیں۔ پورا نظام اس ملک میں بددل لوگ پیدا کرنے والی فیکٹری بن چکا ہے۔”

کراچی میں حالیہ گل پلازہ آتشزدگی کا حوالہ دیتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے سوال اٹھایا کہ کیا یہ سانحہ آخری ہوگا؟ انہوں نے کہا کہ کراچی والوں کی نسل کشی ہو رہی ہے اور شہریوں کی جان و مال کو کوئی تحفظ حاصل نہیں۔

وفاقی وزیر نے سخت الفاظ میں کہا کہ:

“حکومتِ پاکستان نے ہمیں کن لوگوں کے حوالے کر دیا ہے؟”

سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق مصطفیٰ کمال کے یہ بیانات نہ صرف اٹھارویں ترمیم پر ایک نئی بحث چھیڑ سکتے ہیں بلکہ کراچی کے انتظامی مستقبل سے متعلق سیاسی درجہ حرارت میں بھی اضافہ متوقع ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *