راولپنڈی: عمران خان کے علاج کا مکمل ریکارڈ طلب، آنکھوں کے معائنے کیلئے ماہر ڈاکٹروں کا پینل تشکیل

راولپنڈی میں عمران خان کے اڈیالہ جیل میں علاج معالجے سے متعلق اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔
ذرائع کے مطابق ہوم ڈپارٹمنٹ پنجاب نے جیل حکام سے عمران خان کے میڈیکل ٹیسٹس اور وائٹل سائنز کا مکمل ریکارڈ طلب کر لیا ہے۔ جیل انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ بلڈ پریشر، نبض، درجہ حرارت اور شوگر سمیت تمام روزانہ کی بنیاد پر مرتب کیے گئے چارٹس فراہم کیے جائیں۔
مزید برآں کنسلٹنٹس کی رپورٹس بھی طلب کی گئی ہیں جن میں یہ تفصیل شامل ہو کہ کس تاریخ کو کس ڈاکٹر یا میڈیکل اسٹاف نے معائنہ کیا۔
جیل حکام کے مطابق آن ڈیوٹی ڈاکٹر روزانہ تین مرتبہ عمران خان کے وائٹل سائنز ریکارڈ کرتا ہے۔
دوسری جانب حکومت نے آنکھوں کے علاج کے لیے انہیں اسپتال منتقل کرنے اور مکمل معائنے کے لیے الشِفا آئی اسپتال کے دو سینئر ماہرین پر مشتمل پینل تشکیل دے دیا ہے۔ پینل میں شامل ڈاکٹر ندیم قریشی اور ڈاکٹر امجد کا شمار پاکستان کے ٹاپ کلاس ماہرینِ امراضِ چشم میں کیا جاتا ہے۔