لاہور میں رمضان سے قبل مہنگائی کا طوفان، پھل، سبزیاں اور مرغی مہنگی
لاہور میں رمضان سے قبل مہنگائی کا طوفان، پھل، سبزیاں اور مرغی مہنگی
لاہور: لاہور کی مختلف مارکیٹوں میں رمضان المبارک کی آمد سے قبل اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ پھلوں، سبزیوں اور پولٹری مصنوعات کی قیمتیں سرکاری نرخوں سے تجاوز کر گئی ہیں جس سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق بعض سپلائرز اور بیوپاری مبینہ طور پر سپلائی محدود کر کے نرخ بڑھا رہے ہیں، جس کے باعث قیمتیں کنٹرول لسٹ سے کہیں زیادہ وصول کی جا رہی ہیں۔
کیلے اور امرود کی قیمتیں آسمان پر
سرکاری نرخنامے کے مطابق کیلے فی درجن 200 سے 230 روپے مقرر ہیں، تاہم مختلف علاقوں میں یہ 350 روپے تک فروخت ہو رہے ہیں۔ اسی طرح امرود 250 روپے فی کلو تک پہنچ گئے ہیں۔
مرغی کی قیمت میں بھی اضافہ
پولٹری سیکٹر میں بھی صورتحال تشویشناک ہے۔ سرکاری نرخوں پر مرغی دستیاب نہیں جبکہ پرچون سطح پر گوشت 550 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ رمضان سے قبل مصنوعی قلت پیدا کر کے منافع خوری کی جا رہی ہے۔
شہریوں کا مطالبہ
خریداروں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ مارکیٹوں کی مؤثر نگرانی کی جائے اور سرکاری نرخنامے پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے تاکہ مقدس مہینے میں عوام کو ریلیف مل سکے۔
ماہرین کے مطابق رمضان المبارک کے دوران طلب میں اضافہ فطری امر ہے، تاہم ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کی روک تھام کیلئے فوری اقدامات ضروری ہیں۔
