ٹرمپ کا دعویٰ: امریکا نے وینزویلا میں بڑے پیمانے پر فوجی کارروائی کی
امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں وینزویلا پر امریکی حملے کی تصدیق کا دعویٰ کیا ہے۔ صدر ٹرمپ کے مطابق امریکا نے وینزویلا اور اس کی قیادت کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کی، جبکہ وینزویلا کی حکومت نے بھی ملک کے مختلف حصوں میں حملوں کی تصدیق کی ہے۔ تاہم ان دعوؤں کی آزاد ذرائع سے مکمل توثیق تاحال سامنے نہیں آ سکی۔
سوشل میڈیا پر جاری بیان میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکا نے وینزویلا میں بڑے پیمانے پر فوجی کارروائی کی ہے اور وینزویلا کے صدر اور ان کی اہلیہ کو حراست میں لے کر ملک سے باہر منتقل کیا گیا ہے۔
اس دعوے سے قبل وینزویلا کے دارالحکومت کاراکس سمیت مختلف شہروں میں دھماکوں اور فضائی سرگرمیوں کی اطلاعات سامنے آئیں۔
وینزویلا کی حکومت نے اپنے باضابطہ بیان میں کہا ہے کہ امریکی حملے کاراکس، میرانڈا، آراگوا اور لاگویرا ریاستوں میں کیے گئے۔ حکومتی مؤقف کے مطابق ان کارروائیوں کا مقصد وینزویلا کے تیل اور معدنی وسائل پر قبضہ حاصل کرنا ہے۔
وینزویلا حکومت نے واضح کیا ہے کہ امریکا ان وسائل پر قبضہ کرنے میں کامیاب نہیں ہوگا اور ملک اپنی خودمختاری کا دفاع کرے گا۔ صورتحال کے بعد ملک میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے، جبکہ عوامی زندگی عارضی طور پر متاثر ہونے کی اطلاعات ہیں۔
بین الاقوامی مبصرین کے مطابق اگر ان دعوؤں کی تصدیق ہوتی ہے تو یہ لاطینی امریکا میں طاقت کے توازن اور عالمی سیاست پر گہرے اثرات مرتب کر سکتی ہے۔ تاہم عالمی خبر رساں اداروں اور آزاد ذرائع کی جانب سے تاحال مکمل تصدیق سامنے نہیں آئی۔
https://punjabnews.pk/category/world-news/
