بھارت کا فرانس سے رافیل لڑاکا طیاروں کے آرڈر میں اضافے کا منصوبہ، تعداد 31 تک بڑھانے کی تیاری
بھارتی فضائیہ کا فرانس سے مزید رافیل طیارے خریدنے کا فیصلہ
بھارت نے فرانس سے جدید Dassault Rafale لڑاکا طیاروں کے آرڈر میں اضافے کا منصوبہ بنا لیا ہے۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت پہلے 26 طیارے خریدنے کا ارادہ رکھتا تھا تاہم اب یہ تعداد بڑھا کر 31 کیے جانے کی تجویز زیر غور ہے۔
رپورٹس کے مطابق نئے آرڈر کی تکمیل کے بعد بھارتی فضائیہ اور بحریہ کے زیر استعمال رافیل طیاروں کی مجموعی تعداد میں نمایاں اضافہ ہو جائے گا، جس کے بعد بھارت کے پاس جدید لڑاکا طیاروں کی تعداد تقریباً 145 تک پہنچ سکتی ہے۔
یاد رہے کہ 2016 میں بھارت نے فرانس کے ساتھ بین الحکومتی معاہدہ کرتے ہوئے 36 رافیل طیارے خریدنے کا فیصلہ کیا تھا۔ یہ معاہدہ فرانس کی دفاعی کمپنی Dassault Aviation کے ساتھ طے پایا تھا جس کی مالیت تقریباً 7.87 ارب یورو تھی۔
رافیل طیارے جدید ریڈار سسٹمز، طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائلز اور ملٹی رول صلاحیتوں کے باعث دنیا کے جدید ترین لڑاکا طیاروں میں شمار کیے جاتے ہیں۔ دفاعی ماہرین کے مطابق نئے آرڈر سے خطے میں فضائی توازن اور دفاعی حکمت عملی پر اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔
بھارتی حکومت کی جانب سے اس حوالے سے باضابطہ اعلان کا انتظار کیا جا رہا ہے تاہم عالمی دفاعی حلقوں میں اس ممکنہ معاہدے پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔
