پاکستان بنگلہ دیش براہ راست پروازیں: پاکستان کی بنگلادیشی ایئرلائن کو ڈھاکا سے کراچی براہ راست پروازوں کی اجازت

پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان فضائی روابط میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں پاکستان نے بنگلہ دیشی ایئرلائن
کو ڈھاکا سے کراچی کے لیے براہ راست پروازیں چلانے کی اجازت دے دی ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ اجازت سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے وفاقی حکومت کی باقاعدہ منظوری کے بعد جاری کی ہے، جسے دونوں ممالک کے درمیان سفری اور تجارتی روابط کے فروغ کی جانب ایک مثبت قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
سی اے اے حکام کے مطابق بنگلادیشی ائیرلائن کو دی گئی یہ اجازت ابتدائی طور پر 30 مارچ 2026 تک مؤثر ہوگی۔ اس دوران ائیرلائن کو پاکستان کی فضائی حدود میں صرف منظور شدہ فضائی روٹس استعمال کرنے کی پابندی ہوگی۔ مزید یہ کہ ہر پرواز سے قبل فلائٹ شیڈول، مسافروں کی تفصیلات اور دیگر ضروری معلومات کراچی ائیرپورٹ انتظامیہ کو فراہم کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان براہ راست پروازوں کا عملی آغاز رواں ماہ متوقع ہے، جس سے دونوں ممالک کے شہریوں، تاجروں اور کاروباری طبقے کو براہ راست سفری سہولت میسر آئے گی۔ اس اقدام سے نہ صرف سفری وقت اور اخراجات میں کمی آئے گی بلکہ باہمی تجارت، سیاحت اور عوامی روابط کو بھی فروغ ملنے کی توقع ہے۔
ماہرین کے مطابق ڈھاکا–کراچی براہ راست فضائی رابطہ جنوبی ایشیا میں علاقائی تعاون کے فروغ کی علامت ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان تاریخی، ثقافتی اور معاشی روابط پہلے ہی موجود ہیں، جبکہ براہ راست پروازوں سے کاروباری وفود، طلبہ اور اوورسیز کمیونٹی کو نمایاں سہولت حاصل ہوگی۔
یاد رہے کہ ماضی میں پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان براہ راست فضائی روابط محدود رہے ہیں، تاہم حالیہ برسوں میں دونوں ممالک نے سفارتی اور تجارتی تعلقات کو وسعت دینے پر زور دیا ہے۔ نئی فضائی اجازت کو اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی قرار دیا جا رہا ہے۔