عیدالفطر اور عیدالاضحی 2026 کی ممکنہ تاریخوں کی پیشگوئی، رویتِ ہلال ریسرچ کونسل کا اہم اعلان

عیدالفطر اور عیدالاضحیٰ کی ممکنہ تاریخیں
ویتِ ہلال ریسرچ کونسل کے سیکرٹری جنرل خالد اعجاز مفتی نے فلکیاتی حسابات کی بنیاد پر عیدالفطر اور عیدالاضحیٰ کی ممکنہ تاریخوں کے حوالے سے اہم پیشگوئی کر دی ہے، جس نے عوامی اور مذہبی حلقوں میں خاصی توجہ حاصل کی ہے۔
خالد اعجاز مفتی کے مطابق فلکیاتی ماڈلز اور چاند کی پیدائش کے حساب سے شوال کا چاند 20 مارچ کو نظر آنے کے امکانات روشن ہیں۔ اگر اسی روز ملک کے مختلف حصوں میں رویتِ ہلال ہو جاتی ہے تو عیدالفطر 21 مارچ کو منائے جانے کا امکان ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ یہ پیشگوئی سائنسی اور فلکیاتی بنیادوں پر کی گئی ہے، تاہم عیدالفطر کی حتمی تاریخ کا اعلان مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی چاند دیکھنے کے بعد کرے گی۔
اسی طرح عیدالاضحیٰ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے خالد اعجاز مفتی نے بتایا کہ یکم ذوالحجہ 17 مئی کو ہونے کا امکان ہے، جس کے مطابق عیدالاضحیٰ 27 مئی کو منائی جا سکتی ہے۔ اگر چاند متوقع تاریخ پر نظر آ گیا تو حج کے مناسک اور قربانی کا عمل انہی تاریخوں کے مطابق ادا کیا جائے گا۔
ماہرین کے مطابق اس پیشگوئی کا مقصد عوام، اداروں اور انتظامی حکام کو ابتدائی منصوبہ بندی میں سہولت فراہم کرنا ہے، خصوصاً تعلیمی اداروں، کاروباری طبقے اور ٹریول انڈسٹری کے لیے یہ معلومات انتہائی اہم ہوتی ہیں۔
رویتِ ہلال ریسرچ کونسل کا کہنا ہے کہ فلکیاتی حسابات میں دن بہ دن درستگی آ رہی ہے، تاہم پاکستان میں شرعی اصولوں کے تحت چاند کی رویت کو حتمی حیثیت حاصل ہے، اسی لیے عوام کو مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کے باضابطہ اعلان کا انتظار کرنا چاہیے۔