وزیراعظم شہباز شریف کا پاکستان آسان خدمت مرکز کا افتتاح، شہریوں کو تیز اور شفاف سہولیات کی فراہمی

0

وزیراعظم شہباز شریف پاکستان آسان خدمت مرکز کا افتتاح کرتے ہوئے، اسلام آباد میں شہریوں کے لیے جدید سرکاری سہولیات کا آغاز

پاکستان آسان خدمت مرکز

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے شہریوں کو آسان، شفاف اور تیز ترین سرکاری خدمات کی فراہمی کے لیے ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان آسان خدمت مرکز کا باقاعدہ افتتاح کر دیا ہے، جس کا مقصد شہریوں کو ایک ہی چھت تلے مختلف سرکاری محکموں کی سہولیات فراہم کرنا ہے۔

افتتاحی تقریب میں وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان، چیف کمشنر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا، آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے مرکز میں فراہم کی جانے والی مختلف سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ عوامی سہولیات کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے، تاکہ شہریوں کو کم سے کم وقت میں زیادہ سے زیادہ خدمات میسر آ سکیں۔

اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان آسان خدمت مرکز عوام کے لیے ایک انقلابی قدم ہے، جہاں مختلف محکموں سے متعلق خدمات نہایت سہولت اور شفاف انداز میں فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ اس مرکز میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا ہے، جو آذربائیجان کی جانب سے پاکستان کے لیے ایک تحفہ ہے۔

وزیراعظم نے آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کا تعاون پاکستان کے لیے قابلِ قدر ہے اور اس جدید نظام سے حکومتی خدمات کے معیار میں نمایاں بہتری آئے گی۔

پاکستان آسان خدمت مرکز کے قیام سے شہریوں کو طویل قطاروں، دفاتر کے چکروں اور غیر ضروری تاخیر سے نجات ملے گی، جبکہ ڈیجیٹل نظام کے ذریعے شفافیت اور تیز رفتاری کو یقینی بنایا جائے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *