اسلامی ترقیاتی بینک پاکستان کو 603 ملین ڈالر کے تین بڑے قرضے فراہم کرے گا
اسلامی ترقیاتی بینک
اقتصادی امور ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ سرکاری اعلامیے کے مطابق اسلامی ترقیاتی بینک (آئی ایس ڈی بی) پاکستان کو تقریباً 603 ملین ڈالر مالیت کے تین اہم ترقیاتی قرضے فراہم کرے گا۔
اعلامیے کے مطابق ان قرضوں کا ایک بڑا حصہ سکھر–حیدرآباد موٹروے منصوبے پر خرچ کیا جائے گا، جو سندھ میں انفراسٹرکچر کی بہتری، سفری سہولت اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔
دوسرا قرض انتہائی غریب اور سیلاب سے متاثرہ گھرانوں کے لیے غربت سے نجات کے منصوبے (Poverty Graduation and Enhancement Project – PGEP) کے لیے مختص کیا گیا ہے۔ یہ منصوبہ ملک کے منتخب انتہائی پسماندہ اضلاع اور حالیہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں نافذ کیا جائے گا، جس کا مقصد غریب خاندانوں کو پائیدار روزگار اور معاشی خودمختاری فراہم کرنا ہے۔
تیسرا قرض آزاد جموں و کشمیر میں اسکولوں سے باہر بچوں کی تعلیم کی بحالی کے منصوبے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ اس منصوبے کے تحت تعلیم سے محروم بچوں کو دوبارہ تعلیمی نظام میں شامل کرنے، اسکول انفراسٹرکچر بہتر بنانے اور تعلیمی سہولیات میں اضافہ کیا جائے گا۔
حکومتی حکام کے مطابق اسلامی ترقیاتی بینک کی یہ مالی معاونت نہ صرف ترقیاتی منصوبوں کی رفتار تیز کرے گی بلکہ غربت کے خاتمے، تعلیم کے فروغ اور متاثرہ علاقوں کی بحالی میں بھی اہم کردار ادا کرے گی۔
