جسٹس طارق جہانگیری ڈگری تنازع کیس: اسلام آباد ہائی کورٹ نے تمام اعتراضات مسترد کر دیے
جسٹس طارق جہانگیری ڈگری تنازع کیس: تمام اعتراضات مسترد | IHC
اسلام آباد ہائی کورٹ نے جسٹس طارق جہانگیری ڈگری تنازع کیس میں تمام اعتراضات مسترد کرتے ہوئے رجسٹرار کراچی یونیورسٹی کو 18 دسمبر کو اصل ریکارڈ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے جسٹس طارق جہانگیری ڈگری تنازع کیس کی سماعت کا تحریری حکمنامہ جاری کر دیا ہے، جس میں بینچ پر اٹھائے گئے تمام اعتراضات مسترد کر دیے گئے ہیں۔ عدالت نے رجسٹرار کراچی یونیورسٹی کو ایل ایل بی ڈگری کا اصل ریکارڈ لے کر 18 دسمبر کو پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔
تحریری حکمنامے کے مطابق جسٹس طارق جہانگیری کی جانب سے چیف جسٹس سرفراز ڈوگر پر تعصب اور بینچ کی تشکیل سے متعلق اعتراضات کی کوئی قانونی بنیاد موجود نہیں۔ عدالت نے چیف جسٹس کے بینچ میں بیٹھنے، ڈویژن بینچ میں سماعت اور اسلام آباد ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کو فریق بنانے کی درخواست بھی مسترد کر دی۔
عدالت نے واضح کیا کہ ایک ہائی کورٹ جج کی ڈگری سے متعلق سنگین الزامات سامنے آنے کے باعث معاملے کی حساسیت کو مدِنظر رکھتے ہوئے انتظامی اختیارات کے تحت دو رکنی بینچ تشکیل دیا گیا۔ حکمنامے میں کہا گیا کہ بینچز کی تشکیل چیف جسٹس کا صوابدیدی اختیار ہے اور اس نوعیت کے حساس کیسز کے لیے ڈویژن بینچ کی تشکیل کوئی غیر معمولی اقدام نہیں۔