پاکستان اور روس کا پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی پر اتفاق، تعمیراتی کام 2027 میں شروع ہوگا

0

پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی کے لیے پاکستان اور روس کے درمیان معاہدہ

پاکستان اور روس کے درمیان پاکستان اسٹیل ملز (PSM) کی بحالی اور توسیع کے منصوبے پر عملی پیش رفت سامنے آ گئی ہے، جس کے تحت منصوبے پر تعمیراتی کام کا آغاز سال 2027 میں کیا جائے گا۔ یہ بات پارلیمانی ذیلی کمیٹی کو وزارتِ صنعت و پیداوار کی آڈٹ رپورٹ 2019-20 کے جائزے کے دوران آگاہ کی گئی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی کے منصوبے پر باضابطہ کام اس وقت شروع ہوگا جب روسی فریق کے ساتھ انجینئرنگ، پروکیورمنٹ اینڈ کنسٹرکشن (EPC) معاہدے پر دستخط مکمل ہو جائیں گے۔

حکام کے مطابق نومبر 2025 میں پاکستان-روس بین الحکومتی کمیشن نے دوسرے پروٹوکول پر دستخط کیے تھے، جس کا مقصد اسٹیل ملز کی بحالی کے منصوبے کو آگے بڑھانا اور ایک بینک ایبل EPC معاہدے کی تیاری تھا۔

اجلاس کے دوران یہ بھی بتایا گیا کہ ایک روسی کمپنی نے پاکستان اسٹیل ملز کا تکنیکی آڈٹ مکمل کیا ہے اور اس دوران اثاثوں کی ویلیوایشن کی بھی درخواست کی گئی، جو اس وقت تقریباً 139 ملین ڈالر بتائی جا رہی ہے۔

حکام کا کہنا تھا کہ یہ تکنیکی آڈٹ پاکستان اسٹیل ملز کو دوبارہ فعال کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے، کیونکہ کئی برسوں سے بند پڑے اس صنعتی ادارے کی بحالی ملکی معیشت، روزگار کے مواقع اور صنعتی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *