امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیراعظم شہباز شریف کی ایک بار پھر تعریف

0

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ فلوریڈا میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے

ٹرمپ کی فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیراعظم شہباز شریف کی ایک بار پھر تعریف

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر پاکستان کے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیراعظم شہباز شریف کی تعریف کرتے ہوئے پاک بھارت کشیدگی کم کرنے میں ان کے کردار کو سراہا ہے۔ فلوریڈا میں وزیرِ جنگ اور وزیرِ بحری امور کے ہمراہ ایک اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر نے پاک بھارت جنگ رکوانے اور ممکنہ ایٹمی تصادم کو روکنے کا ذکر کیا۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ اب تک دنیا میں آٹھ بڑی جنگیں رکوا چکے ہیں جن میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ممکنہ ایٹمی جنگ بھی شامل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس جنگ کے دوران آٹھ طیارے تباہ ہوئے تھے، تاہم بروقت اقدامات کے باعث بڑے پیمانے پر انسانی جانوں کا ضیاع روکا گیا۔

امریکی صدر نے کہا کہ پاکستان کے فیلڈ مارشل ایک قابلِ احترام اور ذمہ دار شخصیت ہیں۔ صدر ٹرمپ کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیراعظم شہباز شریف نے انہیں بتایا کہ جنگ رکوانے سے ایک کروڑ (10 ملین) افراد کی جانیں بچائی گئیں۔ ٹرمپ نے کہا کہ ایسے فیصلے حقیقی قیادت کا مظہر ہوتے ہیں۔

پریس کانفرنس کے دوران صدر ٹرمپ نے امریکی بحری طاقت میں اضافے کے بڑے منصوبوں کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے بتایا کہ امریکا 100 گنا زیادہ طاقتور ٹرمپ کلاس بحری جہاز تیار کر رہا ہے جو امریکی فوجی برتری کو مزید مضبوط بنائے گا۔

صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا اس وقت 15 جدید آبدوزیں بنا رہا ہے اور آبدوز سازی کے شعبے میں امریکا چین اور روس سے کم از کم 15 برس آگے ہے۔ ان کے مطابق چین، روس یا کوئی اور ملک امریکا کا اس میدان میں مقابلہ نہیں کر سکتا اور یہ آبدوزیں دنیا بھر میں امریکا کے دشمنوں کو خوفزدہ کر دیں گی۔

امریکی صدر نے واضح کیا کہ “وکٹری” نامی بحری جہاز امریکی فوجی طاقت کو برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرے گا اور اس منصوبے سے امریکی جہاز سازی کی صنعت کو بحال کرنے میں بھی مدد ملے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی بحریہ کو دنیا کی طاقتور ترین بحریہ بنایا جا رہا ہے اور بحریہ کے ہیڈکوارٹر کو بھی مزید بہتر کیا جا رہا ہے۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایک یا دو سال قبل جو ممالک امریکا پر ہنستے تھے، آج وہ امریکا کا احترام کرتے ہیں۔ ان کے مطابق مضبوط دفاعی پالیسی ہی کسی بھی ملک کی خودمختاری اور عالمی وقار کی ضمانت ہوتی ہے۔

پاکستان اور لیبیا کی نیشنل آرمی کے درمیان چار ارب ڈالر سے زائد کا تاریخی دفاعی معاہدہ

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *