پی آئی اے کی نجکاری میں بڑی پیش رفت، عارف حبیب کنسورشیم نے بولی جیت لی

پی آئی اے نجکاری
پاکستان کی قومی ایئرلائن پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی نجکاری کے عمل میں ایک اہم سنگِ میل عبور کر لیا گیا ہے۔ معروف کاروباری شخصیت عارف حبیب کے کنسورشیم نے پی آئی اے کے لیے بولی جیت لی ہے، جسے ملکی معیشت اور ایوی ایشن سیکٹر کے لیے ایک بڑی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔بولی جیتنے کے بعد عارف حبیب نے اپنے بیان میں کہا:
“یہ پاکستان کی فتح ہے، پی آئی اے ہمارا قومی ادارہ ہے”۔
ان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کو ایک جدید، مضبوط اور منافع بخش ادارہ بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے.
ماہرین کے مطابق پی آئی اے کی نجکاری سے نہ صرف قومی ایئرلائن میں نئی سرمایہ کاری آئے گی بلکہ انتظامی اصلاحات، بہتر سروسز اور مالی استحکام کے امکانات بھی بڑھ جائیں گے۔ اس عمل سے حکومت پر مالی بوجھ کم ہونے اور قومی خزانے کو ریلیف ملنے کی توقع ہے۔
ذرائع کے مطابق فوجی فرٹیلائزر مستقبل میں اس کنسورشیم کا حصہ بن سکتی ہے، جس سے اس منصوبے کو مزید استحکام حاصل ہو سکتا ہے۔ اگر فوجی فرٹیلائزر شامل ہوتی ہے تو پی آئی اے کی ری اسٹرکچرنگ اور توسیع کے امکانات مزید بڑھ جائیں گے۔
معاشی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کی نجکاری پاکستان میں سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافے کا باعث بنے گی اور یہ اقدام ملکی معیشت کے لیے مثبت اشارہ ہے۔