حیدرآباد میں افسوسناک واقعہ: 5 سالہ بچی کھلے مین ہول میں گر کر جاں بحق

سندھ کے شہر حیدرآباد کے علاقے ہالا ناکہ میں ایک دلخراش واقعہ پیش آیا جہاں پانچ سالہ بچی کھلے مین ہول میں گر کر جاں بحق ہو گئی۔ پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والی بچی کی شناخت مریم کے نام سے ہوئی ہے جو کراچی کی رہائشی تھی اور چھٹیوں کے سلسلے میں اپنے اہلِ خانہ کے ہمراہ حیدرآباد میں رشتے داروں سے ملنے آئی تھی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ بچی گزشتہ روز اچانک لاپتہ ہو گئی تھی، جس کے بعد اہلِ خانہ اور علاقہ مکینوں نے اس کی تلاش شروع کی۔ کافی دیر تک تلاش کے باوجود بچی کا کوئی سراغ نہ ملا، بعد ازاں مقامی افراد نے قریبی علاقے میں موجود کھلے مین ہول میں جھانک کر دیکھا تو وہاں بچی کی لاش موجود تھی۔ اطلاع ملنے پر پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور لاش کو نکال کر قانونی کارروائی مکمل کی گئی۔
پولیس کے مطابق واقعہ غفلت اور لاپرواہی کا نتیجہ ہے، کیونکہ مین ہول بغیر ڈھکن کے کھلا ہوا تھا۔ واقعے کے بعد علاقے میں شدید غم و غصے کی فضا پائی جاتی ہے اور شہریوں نے متعلقہ اداروں سے سوال کیا ہے کہ کھلے مین ہولز کے باعث قیمتی جانیں کیوں ضائع ہو رہی ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
بعد ازاں بچی کے اہلِ خانہ میت کو کراچی لے گئے، جہاں اس کی تدفین کی جائے گی۔ واقعے نے ایک بار پھر شہری علاقوں میں بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی اور حفاظتی اقدامات کی کمی کو بے نقاب کر دیا ہے۔
پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں تاریخی تیزی، 100 انڈیکس پہلی بار 1 لاکھ 74 ہزار پوائنٹس کی حد عبور کر گیا