پاکستان ٹی20 ورلڈ کپ میں شرکت کرے گا یا نہیں؟ حتمی فیصلہ چند دن میں متوقع

0

پاکستان ٹی20 ورلڈ کپ میں شرکت پر غور

پاکستان  ٹی20 ورلڈ کپ میں شرکت یا عدم شرکت سے متعلق اہم فیصلہ آئندہ چند روز میں متوقع ہے۔ اس حوالے سے وزیراعظم پاکستان اور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس میں اس معاملے پر تفصیلی غور کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ پاکستان کی ٹی20 ورلڈ کپ میں شرکت سے متعلق حتمی فیصلہ جمعہ یا پیر تک کر لیا جائے گا، جبکہ تمام ممکنہ آپشنز کو مدنظر رکھا جائے گا۔

ملاقات کے بعد چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں بتایا کہ وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ معاملے کو دانشمندی سے حل کیا جائے اور تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جائے۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ آئی سی سی کے مبینہ دوہرے معیار پر شدید تحفظات رکھتا ہے، جس کے باعث مختلف آپشنز زیر غور ہیں۔ پہلے آپشن کے تحت قومی ٹیم بھارت کے خلاف میچ میں سیاہ پٹیاں باندھ کر میدان میں اتر سکتی ہے، جبکہ ایک اور سخت آپشن کے طور پر 15 فروری کو بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ اگر پاکستان بھارت کے خلاف میچ کا بائیکاٹ کرتا ہے تو اسے دو قیمتی پوائنٹس کا نقصان اٹھانا پڑے گا، تاہم ماہرین کے مطابق پاک بھارت ٹاکرا نہ ہونے کی صورت میں آئی سی سی کو کروڑوں نہیں بلکہ اربوں روپے کے مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کا مؤقف واضح ہے کہ کرکٹ کو سیاست سے الگ رکھا جائے اور آئی سی سی تمام رکن ممالک کے ساتھ یکساں سلوک کرے۔ حتمی فیصلے کا اعلان متوقع طور پر چند دن میں کر دیا جائے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *